Nov ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے پر دوبارہ مذاکرات ناممکن، موگرینی

یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ میزائل اور علاقائی مسائل کا ایٹمی معاہدے سے کوئی تعلق نہیں ہے اس لئے اس معاہدے پر دوبارہ مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے برسلز میں ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی دھمکیوں کے باوجود ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان طے پانے والے ایٹمی معاہدے کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ غیر جوہری مسائل منجملہ میزائل توانائی جیسے مسائل کو، جو ایران کے ساتھ اختلاف کا باعث بنے ہوئے ہیں الگ سے مذاکرات کر کے حل کیا جاسکتا ہے تاہم ان مسائل کا ایٹمی معاہدے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس معاہدے کا تحفظ کیا جائے گا۔

فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ ایران کا خوشگوار تعاون جاری ہے۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی حال ہی میں تاکید کی ہے کہ غیر ایٹمی مسائل کو مشترکہ ایکشن پلان میں شامل کرنا ایک غلط اقدام ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ بہتر معاہدے کی اصطلاح امریکیوں کا صرف وہم اور خام خیالی ہے اور امریکہ کو چاہئے کہ حقائق کو تبدیل کرنے سے باز آجائے اور ایٹمی معاہدے کی مکمل طور پر اس طرح سے پابندی کرے کہ جیسے اسلامی جمہوریہ ایران کر رہا ہے۔

 

ٹیگس