لندن کی سڑکوں پر طلبہ و طالبات کا مارچ
ہزاروں برطانوی طلبہ و طالبات نے برطانوی حکومت کی معاشی کفایت شعاری کی پالیسیوں کو تعلیمی نظام کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے لندن کی سڑکوں پر مظاہرے کیے۔
مظاہرے میں شریک طلبہ و طالبات کا کہنا تھا حکومت برطانیہ تعلیمی اداروں کے ساتھ امتیازی برتاؤ کر رہی ہے جس کی وجہ سے سیکڑوں کی تعداد میں نوجوان اعلی تعلیم حاصل کرنے سے محروم اور زیرتعلیم نوجوان قرضوں کے بوجھ تلے دبے جا رہے ہیں۔
برطانیہ میں یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کو دوران تعلیم یا تعلیم مکمل ہونے کے بعد پوری فیس ادا کرنا ہوتی ہے اور ملازمت ملتے ہی خود کار طریقے سے ان کی تنخواہوں سے فیس کی کٹوتی شروع ہو جاتی ہے۔
حکومت برطانیہ نے معاشی کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت تعلیمی فیسوں میں بھی بھاری بھر کم اضافہ کر دیا۔
مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات نے فیسوں میں اضافے کو ناقابل تحمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم مکمل کرنے بعد فیسوں کی قسط وار ادائیگی سوہان روح بن گئی ہے۔
طلبہ طالبات کا کہنا تھا کہ اگر حکومت برطانیہ نے معاشی کفایت شعاری کی موجودہ پالیسی جاری رکھی تو صرف دولت مندوں کے بچے ہی اعلی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔