امریکہ کی قومی سلامتی کی نئی پالیسی محاذ آرائی پر مبنی ہے، پوتن
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے امریکہ کی جانب سے جوہری میزائلوں پر پابندی کے معاہدے کی مسلسل جاری خلاف ورزی پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی قومی سلامتی کی نئی اسٹریٹیجی اہانت آمیز اور محاذ آرائی پر مبنی ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے اپنے ملک کی وزارت دفاع میں ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی خلاف ورزی اور محاذ آرائی کے پیش نظر روس بھی جوہری معاہدوں کو کمزور کرنے اور امریکہ کی جانب سے جاری دیگر تمام خلاف ورزیوں پر مناسب ردعمل کا اظہار کرنے کا حق رکھتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ کی قومی سلامتی کی نئی اسٹریٹیجی اہانت آمیز اور محاذ آرائی پر مبنی ہے۔
ولادیمیر پوتن نے تاکید کے ساتھ کہا کہ روس کے ایٹمی ہتھیار امریکہ کی فوجی توانائی کے مقابلے میں بھرپور دفاعی توانائی کے حامل ہیں۔
انھوں نے شام میں دہشت گردوں کے خلاف روس اور اس کے اتحادیوں کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام میں روسی فوجیوں نے لاکھوں عام شہریوں کو دہشت گردوں سے بچایا ہے اور شام کی آزادی کے تحفظ میں مدد کی ہے تاکہ معاملے کا کوئی سیاسی راہ تلاش کیا جاسکے۔