روس کی جانب سے ماسکو تہران اتحاد کے قیام کا خیر مقدم
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i311719-روس_کی_جانب_سے_ماسکو_تہران_اتحاد_کے_قیام_کا_خیر_مقدم
روسی پارلیمنٹ نے شام میں امریکی پالیسیوں کے مقابلے کی غرض سے ایران روس علاقائی اتحاد کی تجویز کو منطقی اور دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کا اتحادی قرار دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۲۵, ۲۰۱۸ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  • روس کی جانب سے ماسکو تہران اتحاد کے قیام کا خیر مقدم

روسی پارلیمنٹ نے شام میں امریکی پالیسیوں کے مقابلے کی غرض سے ایران روس علاقائی اتحاد کی تجویز کو منطقی اور دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کا اتحادی قرار دیا ہے۔

روسی پارلیمنٹ کی بین الاقوامی امور کی کمیٹی کے رکن الیکسی چپا نے خبر رساں ایجنسی نووستی سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ شام میں امریکی پالیسیوں کے مقابلے میں ایران اور روس کے درمیان علاقائی اتحاد کے قیام کی تجویز پوری طرح سے منطقی ہے۔
امریکی اتحاد کے مقابلے میں ایران اور روس سمیت علاقائی ملکوں کے اتحاد کی تجویز، عسکری امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر جنرل یحی رحیم صفوی نے پیش کی تھی کہ جس میں شام، عراق اورپاکستان بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
روسی پارلیمنٹ کی بین الاقوامی امور کی کمیٹی کے رکن الیکسی چپا نے بھی اس بات کی تائید کی ہے کہ اس اتحاد میں علاقے سے زیادہ سے زیادہ ملکوں کی شمولیت سے اس اتحاد کو تقویت ملے گی۔
انہون نے کہا کہ شام میں امریکہ جو کھیل کھیل رہا ہے اس کے مقابلے میں ایسے اتحاد کا قیام ضروری ہے تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ علاقائی اتحاد کس سطح پر قائم کیا جائے۔
روسی پارلیمنٹ کی بین الاقوامی کمیٹی کے سربراہ لیونیڈ اسلوتسکی نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ایران اور روس کے درمیان کسی نئے اتحاد کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ دونوں ممالک عملی طور پر شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ شریک ہیں اور آستانہ مذاکرات کے تحت ایک دوسرے کے اتحادی ہیں۔
لیونیڈ اسلوتسکی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ روس ایٹمی معاہدے اور اس سے متعلقہ معاملات میں ایران کا قابل اعتماد شریک بن کر ابھرا ہے اور یقینا مستقبل میں بھی شام کی صورت حال کو بہتر بنانے کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔