Aug ۳۱, ۲۰۱۸ ۰۷:۱۱ Asia/Tehran
  • عالمی سطح پراحتجاج، ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ

دنیا بھر میں مسلمانوں کے احتجاج کے باعث ہالینڈ میں ہونے والا گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کردیا گیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ گیرٹ ولڈر نے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے باعث دنیا بھرمیں مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا اور مختلف ممالک میں اس کے خلاف مسلسل احتجاج جاری ہے اب وہ مقابلہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہےکہ او آئی سی کے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور توہین آمیز خاکوں کا معاملہ اٹھائیں گے، توہین آمیز خاکوں کی نمائش کے خلاف ڈچ پارلیمنٹیرین سے بات کی ہے، جنیوا میں انسانی حقوق کونسل میں اس معاملے کو اٹھائیں گے، ہالینڈ کے سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔اسی ضمن میں پاکستان بھر میں مختلف جماعتوں کی جانب سے بھی احتجاج جاری ہے جن کا مطالبہ ہے کہ ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔

توہین آمیز خاکوں کے خلاف تحریک لبیک کی قیادت میں لاہور سے نکلنے والا لانگ مارچ جہلم سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچا، جہاں انہوں نے توہین آمیز خاکوں کے خلاف دھرنا دینا تھا تاہم ہالینڈ کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہونے کے بعد امیر خادم حسین رضوی کی قیادت میں ہونے والے مارچ کو اسلام آباد میں ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

ٹیگس