یورپی یونین آزادانہ پالیسیاں اپنائے، روسی وزیر خارجہ
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے یورپی ملکوں پر آزادانہ اور مستقل پالیسیاں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
جرمن نیوز ایجنسی کو انٹریو دیتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ آب وقت آگیا ہے کہ یورپی یونین، امریکہ کے مقابلے میں آزادی عمل کا مظاہرہ کرے اور عالمی سطح پر ایک خود مختار، آزاد و طاقتور ادارے کے طور پر اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ روس نے یورپی یونین کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کے قیام کے لیے بے پناہ کوشش کی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ یورپی ملکوں نے روس کے مقابلے میں فوجی اور سیاسی دفاع کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ یورپی یونین، روس کے خلاف پابندیوں کے معاملے میں امریکہ کے مقابلے میں آزادی عمل اور لازمی طاقت و توانائی سے محروم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین، امریکی اقدامات پر رضاکارانہ طور سے عمل کر رہی ہے حالانکہ اس سے خود یورپی ملکوں کو اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ماسکو اور برسلز کو مشترکہ سیکورٹی خطرات کا سامنا ہے جس کے تدارک کے لیے فریقین کے درمیان اتحاد کی ضرورت ہے۔