پاک و ہند کشیدگی خطے کے لیے خطرے کا باعث: چین
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ پاک و ہند کے درمیان کشیدگی پورے خطے میں امن و امان کے لیے خطرے کا باعث ہوسکتی ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے پلوامہ واقعے کے بعد امن و امان کی صورتحال اور پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہش مند ہیں کیوں کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کی کشیدگی پورے خطے میں امن و امان کے لیے خطرے کا باعث ہو سکتی ہے، چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی گراں قدر خدمات کا معترف ہے کیوں کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔
واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے مابین سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔