ایران نے ایٹمی معاہدے پر مکمل طور سے عمل کیا ہے، آئی اے ای اے
نئی پابندیوں کے نفاذ کے لئے امریکہ کی تازہ دھمکیوں کے باوجود ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے ایک بار پھر اپنی سہ ماہی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر عمل کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق آئی اے ای اے نے ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانوکے بیان کے چند روز کے بعد اپنی سہ ماہی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر کاربند ہے اور ایجنسی کو ایران کے تمام ایٹمی مراکز تک دسترسی حاصل ہے۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ حکومت امریکہ نے ایران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کئے جانے کی دھمکی دی ہے۔واضح رہے کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی بارہا رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق کئے جانے کے باوجود کہ ایران، ایٹمی معاہدے پر کاربند رہا ہے امریکی صدر ٹرمپ نے گذشتہ سال آٹھ مئی کو اس معاہدے سے باہر نکلنے اور ایران کے خلاف پابندیاں بحال کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ ٹرمپ کے اس اقدام کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی ہے۔