سوشل میڈیا کا سرور ہوا ڈاؤن، صارفین پریشان
سوشل میڈیا کی مقبول ویب سائیٹیں فیسبوک، انسٹاگرام اور واٹس اپ دنیا کے متعدد ممالک میں اچانک پوری طرح متاثر ہوگئیں ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو ان سایٹوں کے استعمال میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، فنی مشکلات کی وجہ سے فیسبوک، انسٹاگرام اور واٹس اپ کی خدمات عالمی سطح پر متاثر ہوئی ہیں جو صارفین کے لئے شدید بحران کا سبب بن گیا ہے۔ ان سوشل میڈیا سایٹوں کو استعمال کرنے والے جیسے ہی فیسبوک پر کوئی فوٹو یا ویڈیو اپلوڈ کر رہے ہیں ان کو اس میں پریشانی ہو رہی ہے ۔ فیسبوک کی جانب سے یہ پیغام آ رہا ہے کہ ابھی آپ کوئی فوٹو اور ویڈیو اپلوڈ نہیں کر سکتے ۔ یہ شکایت صرف فیسبوک استعمال کرنے والوں کی ہی نہیں ہے بلکہ جو افراد انسٹاگرام یا واٹس اپ استعمال کر رہے ہیں ان کی بھی یہی شکایت ہے ۔
خبروں کے مطابق واٹس اپ کے ذریعے پیغام بھیجنے اور موصول ہونے کا سسٹم سب سے زیادہ متاثر بتایا جا رہا ہے ۔ سیکڑوں صارفین فیسبوک اور دیگر سوشل میڈیا سروسز کے متاثر ہونے کے حوالے سے ٹویٹر پر لکھ رہے ہیں ۔ اسی طرح ٹویٹر پر فیسبوک، انسٹاگرام اور واٹس اپ کی سروس ڈاون ہونے کے خلاف ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق اس بار فیسبوک، انسٹاگرام اور واٹس اپ کی سروسز امریکا، یورپ اور ایشیا کے زیادہ تر ممالک میں متاثر ہوئی ہیں ۔ اس سے پہلے بھی فنی مسائل کی وجہ سے فیسبوک، انسٹاگرام اور میسنجر سروسز 13 مارچ 2019 کو بند کر دی گئیں تھیں ۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال نومبر 2018 میں بھی فیسبوک اور انسٹاگرام کی خدمات متاثر ہوئی تھیں لیکن پوری طرح سے بند نہیں ہوئی تھیں بلکہ کچھ سروسز کام کرتی رہی تھیں ۔ صارفین کو ویب سروس کرنے میں ناکامی ضرور ہوئی تھی لیکن ایپ کام کر رہا تھا ۔