برطانیہ میں اسلامو فوبیا، باحجاب طالبہ پر بہیمانہ تشدد
اپنے آپ کو جمہوری ملک قرار دینے والے برطانیہ میں مسافر بس میں مسلم طالبات کو پہلے ہراساں کیا اور پھر ایک باحجاب طالبہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی برطانیہ کے شہر شیفیلڈ میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو میں ایک بس کے اندر برطانوی جوڑے کو اسکول کی باحجاب مسلم طالبات پر چیختے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، برطانوی جوڑے نے اسلام اور مسلمانوں کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور حجاب کو برا بھلا کہا۔
طالبات کی جانب سے احتجاج کرنے پر برطانوی خاتون نے مسلمان طالبہ کو مارا پیٹا یہاں تک کہ طالبہ کو زمین پر لٹا کر تشدد کرتی رہی جب کہ اس دوران برطانوی خاتون کا شوہر اسلام کیخلاف بکواس کرتا رہا۔ دیگر مسلم طالبات نے بہ مشکل تشدد کا نشانہ بننے والی طالبہ کو برطانوی خاتون کے چنگل سے آزاد کرایا۔
سلور ڈیل اسکول انتظامیہ نے مسلم طالبات کو ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی طالبات کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کی مدد کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ اپنے آپ کو جمہوری ملک قرار دینے والے برطانیہ میں اسلامو فوبیا اور با حجاب طالبات پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔