امریکی صدر ٹرمپ کے موقف پر روس کی تنقید
روس کے وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کے خلاف امریکی حکومت اور ٹرمپ کی کمزور پالیسی اور عالمی ادارہ صحت کو نشانہ بنانے پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کورونا وائرس کے خلاف امریکی حکومت کی کمزور پالیسی اور ٹرمپ کی جانب سےعالمی ادارہ صحت کو نشانہ بنانے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک کورونا وائرس کے خلاف دیر سے عمل کرنے اور کمزور پالیسی اپنانے کا ملبہ عالمی ادارہ صحت پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
روس کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت حفظان صحت کے راہنما اصولوں کے مطابق ہم آہنگ طور پر اپنی ذمہ داریوں پرعمل پیرا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں پریس بریفنگ کے دوران عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو اچ او) کو دئیے جانے والے فنڈ کو روکنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈبلیو اچ او پر کورونا وائرس کی روک تھام میں ناکام رہنے اور اس سے متعلق صحیح معلومات چھپانے کا الزام عائد کیا۔
ٹرمپ کے اقدام پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا فنڈ روکنے کے لئے یہ صحیح وقت نہیں ہے۔
انتونیو گوٹریس نے کہا کہ یہ وقت ڈبلیو اچ او یا کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والے کسی ادارے یا تنظیم کی مہم کو متاثر کرنے کا وقت نہیں بلکہ یہ وقت بین الاقوامی برادری کے متحد ہونے کا ہے تاکہ کورونا کی روک تھام کی جا سکے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پرالزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ تائیوان نے انسانوں سے انسانوں میں وائرس منتقلی کی وارننگ دے دی تھی اور عالمی ادارہ صحت نے ان کی ابتدائی وارننگ نظرانداز کر کے بیجنگ کی مدد کی۔
امریکی صدر کا الزام تھا کہ چین نے دنیا سے کورونا کی ہولناکی کو چھپایا تھا۔ تاہم عالمی ادارہ صحت نے امریکی صدر ٹرمپ کا الزام مسترد کیا تھا۔