پاک و ہند میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i365408-پاک_و_ہند_میں_کورونا_کی_تازہ_ترین_صورتحال
دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
May ۰۲, ۲۰۲۰ ۰۵:۵۰ Asia/Tehran
  • پاک و ہند میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال

دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج بروز ہفتہ جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھرمیں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 37336 تک پہنچ گئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں جبکہ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 1218 ہوچکی ہے تاہم اب تک 9951 افراد کو صحت مند ہونے کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

ہندوستان کی تین ریاستوں میں کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جن میں سر فہرست مہاراشٹر ہے جہاں کورونا سے اب تک 485، گجرات میں 236 اور مدھیہ پردیش میں 145 متاثرین کی موت ہوچکی ہے ۔

ادھر پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 18 ہزار 114 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 417 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے پاکستان میں 12 ہزار 982 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں، جن میں سے 142 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 ہزار 715 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 161ہلاکتیں ہوئیں۔ جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے118 افراد، پنجاب میں کورونا سے115 افراد، بلوچستان میں کورونا سے 16 افراد اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 365 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 4 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔