امریکہ میں کورونا کا بحران، ایک دن میں 1600 افراد کی موت
امریکہ میں ایک دن میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار چھے سو تک پہنچ گئی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی نے منگل کی رات ان اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ڈھائی مہینے کے دوران ایک دن میں کورونا سے مرنے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ کورونا وائرس میں مبتلا اور اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ اس وقت دنیا میں سرفہرست ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اس وقت چوالیس لاکھ اٹھانوے ہزار تین سو تینتالیس افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جن میں سے ایک لاکھ باون ہزار تین سو بیس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔امریکہ نے دوسرے ممالک کی نسبت دیر سے کورونا ٹیسٹ شروع کیا ہے اور مریضوں کی بڑی تعداد کے سبب اسے ٹیسٹ کٹس اور میڈیکل ساز و سامان کی قلت کا سامنا ہے۔