کلین ایمباپے نے ہسپانوی کلب ریال میڈریڈ جوائن کرلیا
برسوں کے طویل انتظار کے بعد فرانسیسی کھلاڑی کلین ایمباپے نے فری ایجنٹ کے طور پر ہسپانوی کلب ریال میڈریڈ جوائن کرلیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: کلین ایمباپے نے جوکہ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے وابستہ تھے، گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ سیزن کے اختتام پر وہ پی ایس جی چھوڑ دیں گے۔ گزشتہ شب ہسپانوی کلب ریال میڈریڈ نے ایمباپے کے ٹرانسفر کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں لکھا کہ ریال میڈریڈ اور کلین ایمباپے کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت وہ ریال میڈریڈ کے ساتھ 5 سیزن کھیلیں گے۔
خبررساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق چونکہ ایمباپے کے ساتھ پی ایس جی کا معاہدہ ختم ہوچکا تھا اس لیے ان کا ریال میڈریڈ میں فری ٹرانسفر ہوا یعنی ریال میڈریڈ کو ایمباپے کو خریدنے کے لیے ان کے سابقہ کلب کو کئی رقم ادا نہیں کرنی پڑنی۔
البتہ رپورٹ کے مطابق فرانسیسی کھلاڑی اور ہسپانوی کلب کے درمیان ایک کڑور 50 لاکھ یوروز سالانہ کا معاہدہ طے ہوا ہے جبکہ کلب سے مذاکرات کے بعد اس سالانہ ادائیگی میں تبدیلی بھی آسکتی ہے۔25 سالہ اسٹار فٹبالر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لکھا ہے کہ میرا خواب سچ ہوگیا ہے اور میں اپنے خوابوں کے کلب کا حصہ بننے پر خوشی اور فخر محسوس کررہا ہوں۔
یاد رہے کہ کلین ایمباپے نے 19 سال کی عمر میں 2018ء کا فیفا ورلڈ کپ فائنل کھیلا تھا جہاں ان کے گول نے فرانس کو ورلڈ کپ چیمپیئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ برازیلی لیجنڈ پیلے کے بعد 20 سال سے کم عمر دوسرے کھلاڑی تھے جنہوں فائنل میں گول اسکور کیا۔
2022ء کے قطر فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا اور فرانس کے مابین کھیلے گئے فائنل میں جب ارجنٹینا یک طرفہ طور پر جیت رہی تھی تب کلین ایمباپے نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کرکے فرانس کو فتح کے قریب کیا تھا، اس عالمی کپ میں سب سے زیادہ 8 گولز اسکور کرنے پر انہیں گولڈن بوٹ سے نوازا گیا تھا۔