مائیکروسافٹ سسٹم میں خرابی کی اصلی وجہ کیا تھی؟
دنیا بھر میں 19 جولائی کو بینکوں، ہوائی اڈوں، ہسپتالوں، ریڈیو اور ٹی وی اسٹیشنز، سرکاری دفاتر، ٹیکنالوجی فرمز اور ہوٹلوں سمیت دیگر اداروں کے کمپیوٹر سسٹمز متاثر ہوئے۔
سحرنیوز/دنیا: کمپیوٹر سسٹمز میں خرابی کی وجہ سے دنیا بھر میں کم سے کم 3300 پروازیں منسوخ ہوئیں اور مسلسل پروازوں کے منسوخ ہونے کے امکانات بڑھ گئے۔ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک میں ایمرجنسی سروسز اور ہسپتالوں کی سروسز بھی متاثر ہوئیں جب کہ کاروباری اداروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان میں قدرے کم مشکلات ہوئیں، تاہم اس کے باوجود پاکستان میں بینکوں، ایئرپورٹس، ہسپتالوں اور دیگر اداروں میں آن لائن خدمات فراہم کرنے میں مشکلات رہیں۔
* اصلی مسئلہ کیا تھا اور کیوں یہ مسئلہ پیش آیا؟
یہاں سوال یہ اٹھتا ہے کہ آخر یہ مسئلہ کیوں درپیش آیا؟ اور کیا یہ کوئی سائبر سیکیورٹی حملہ تھا؟
خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمپیوٹرز کے کام نہ کرنے کا معاملہ سائبر سیکیورٹی کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کراؤڈ اسٹرائیک کی جانب سے مائیکروسافٹ سسٹم پر بھیجی گئی سیکیورٹی اپڈیٹ کے بعد پیش آیا۔ کراؤڈ اسٹرائیک کمپیوٹرز کو سائبر حملوں سمیت دیگر مسائل سے بچانے کے لیے وقتا بوقتا سیکیورٹی اپڈیٹس بھیجتی رہتی ہے، یہ اپڈیٹس ایسے ہی آتی ہیں، جیسے کسی موبائل میں سافٹ ویئر اپڈیٹس موصول ہوتی ہیں۔
کراؤڈ اسٹرائیک کی جانب سے مائیکروسافٹ میں اپڈیٹس بھیجے جانے کے بعد دنیا بھر میں ونڈوز 10 میں استعمال ہونے والے کمپیوٹرز زیادہ تر خرابی کا نشانہ بنے، تاہم دیگر ونڈوز پر چلنے والے کمپیوٹرز بھی خرابی کا نشانہ بنے۔ دلچسب بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں صرف مائیکروسافٹ پر چلنے والے کمپیوٹرز ہی خرابی کا نشانہ بنے لیکن ہر جگہ اسی سافٹ ویئر پر ہی زیادہ تر کمپیوٹر چلتے ہیں، اس لیے دنیا بھر میں مسئلہ ہوا۔
* کیا یہ خرابی سائبر سیکیورٹی حملہ تھا؟
کراؤڈ اسٹرائیک کمپنی نے یہ واضح کرتے ہوئے کہ یہ ایک سائبر سیکیورٹی حملہ نہیں تھا کہا کہ خرابی سے کسی کا کوئی ڈیٹا لیک یا ہیک نہیں ہوا اور مسئلے کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ابتدائی طور پر یہ بھی سمجھا جا رہا تھا کہ شاید مائیکروسافٹ سروسز میں خرابی ہے لیکن بعد ازاں کمپنیوں نے وضاحت کی کہ خرابی کراؤڈ اسٹرائیک کی جانب سے سافٹ ویئر اپڈیٹس بھیجنے کے بعد ہوئی اور اس میں مائیکروسافٹ کا کوئی قصور نہیں۔
* مائیکروسافٹ کی خرابی کس نوعیت کی تھی؟
کراؤڈ اسٹرائیک کی جانب سے اپڈیٹس بھیجے جانے کے بعد دنیا بھر کے کمپیوٹرز کی اسکرین بلیو ہوگئی اور اسکرین پر متعدد لائنیں نظر آنے لگیں۔ کمپیوٹرز کی اسکرین بلیو ہونے کے بعد ان پر کام کرنا ممکن نہ رہا، اس قدر کمپیوٹر سسٹمز خراب ہوگئے، جس طرح ونڈوز کے اڑ جانے سے سسٹمز خراب ہوجاتے ہیں۔
* اب کیا ہوگا؟ ماہرین نے کیا راہ حل نکالی ہے؟
ممکنہ طور پر کراؤڈ اسٹرائیک کمپنی سافٹ ویئر اپڈیٹ کے ذریعے مسئلے کو حل کرے گی، تاہم اکثر ٹیکنالوجی ماہرین کا خیال ہے کہ مسئلے کو مینوئل حل کرنا پڑے گا۔ ماہرین کے مطابق شاید کراؤڈ اسٹرائیک کی اپڈیٹس سے مسئلہ حل نہ ہو اور شاید ہر ادارے کو مینوئل کمپیوٹرز سسٹمز میں دوبارہ ونڈوز انسٹال کرنی پڑے، تاہم بعض ماہرین کا خیال ہے کہ خرابی کو سافٹ ویئر اپڈیٹس سے حل کیا جا سکتا ہے۔