یورپ میں پناہ گزینوں کا بحران، مغرب کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ
Sep ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
-
روسی صدر ولادیمیر پوتین
روس کے صدر نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کی غلط پالیسیاں، یورپ میں مہاجرت کے بحران کا سبب بنی ہیں
موصولہ رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے شہر "ولادی وسٹوک" میں مشرقی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو نے مغرب کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں یورپ کے لئے سنگین مسائل پیدا ہونے اور مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں دہشت گردی پھیلنے کے بارے میں بارہا خبردار کیا ہے-روس کے صدر کا کہنا تھا کہ "ہم نے چند سال پہلے کھل کر کہہ دیا تھا کہ اگر ہمارے مغربی پارٹنر، بالخصوص مشرق وسطی، عالم اسلام اور شمالی افریقہ میں اپنی غلط پالیسیاں جاری رکھیں گے تو بے پناہ مسائل پیدا ہوں گے-" انھوں نے مزید کہا کہ یورپ میں پناہ گزینوں کا موجودہ بحران، باعث تعجب نہیں ہے بلکہ اس طرح کا بحران پیدا ہو نے کی توقع کی جا رہی تھی-
ولادیمیر پوتین نے کہا کہ مغرب کی خارجہ پالیسی کا عیب یہ ہے کہ وہ دیگر علاقوں کی ثقافتی ، قومی ، مذہبی اور تاریخی خصوصیات کو مد نظر رکھے بغیر اپنے معیاروں کو پوری دنیا پر مسلط کرنا چاہتا ہے-
روس کے صدر نے کہا کہ یورپ کی جانب پناہ گزینوں کے ہحوم سے نمٹنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والے ملکوں کے اقتدار اعلی کا احترام کرتے ہوئے دہشت گردی کی جڑوں کو ختم کیا جائے تاہم انہوں نے اس سلسلے میں کسی بھی طرح کے یکطرفہ اقدام کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا۔
روس کے صدر نے کہا کہ " اگر ہم یکطرفہ اقدام کریں گے تو تعطل کا شکار ہو جائیں گے یہاں تک کہ مزید مشکل حالات میں پھنس جائیں گے-" روس کے صدر کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یورپ کو مہاجریں اور پناہ گزینوں کے ایسے بحران کا سامنا ہے جس کی مثال اس سے پہلے نہیں ملتی-