Nov ۰۳, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۱ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ اور یورپی نمائندے کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو، مختلف معاملات پر تبادلہ خیال
    ایرانی وزیر خارجہ اور یورپی نمائندے کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو، مختلف معاملات پر تبادلہ خیال

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور یورپی سیاسی امور کے نمائندے جوزف بورل کے درمیان ایران مخالف پابندیاں ختم کرنے کے حوالے سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ نے یورپی سیاسی امور کے نمائندے سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہا کہ ایران نے یورپ کے واسطے سے امریکہ کو  مثبت اور معاملات آگے بڑھانے والی آراء دی ہیں۔ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایران ایک اچھے، مضبوط اور پائیدار معاہدے کا خواہاں ہے۔

گفتگو میں دونوں فریقوں نے ویانا مذاکرات میں پیشرفت کا جائزہ، ایران مخالف پابندیوں کے خاتمے، باہمی تعلقات اور یوکرین جنگ کے حوالے سے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ایجنسی کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات کے معاہدہ پر عمل درآمد جاری ہے۔

بدھ کے دن امیر عبد اللہیان نے اعلان کیا تھا کہ ایران کا ایک وفد بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ مذاکرات کے لئے ویانا روانہ ہوگا۔

جوزف بورل نے بھی شیراز میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی ایک بار پھر مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

یورپی نمائندے نے کہا کہ انہوں نے ایران کا پیغام امریکہ تک پہنچا دیا ہے اور یورپ حتمی معاہدہ تک پہنچنے تک اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

ٹیگس