Mar ۰۷, ۲۰۲۶ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران پر جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ، ملیشیا

ملیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور اخلاقیات کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ 

سحرنیوز/عالم اسلام:  ملیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فونی رابطہ کرکے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی صورتِ حال کے بارے میں گفتگو کی ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق انور ابراہیم نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے خلاف امریکہ اور غاصب اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے دوران قائد انقلاب اسلامی اور دیگر ایرانی شہریوں کی شہادت پر ایرانی عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کی۔ 
ملیشیا کے وزیر اعظم نے علاقے کے سربراہان مملکت کے ساتھ اپنے سیاسی صلاح ومشورے کی طرف اشارہ کیا اور فوری طور پر یہ جارحانہ جنگ روکے جانے اور علاقے میں امن و استحکام کی برقراری کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملیشیا اس سلسلے میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔ 
اس گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے ملیشیا کے وزیر اعظم کے تعزیتی پیغام اور ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی جارحیت کی مذمت پر مبنی ملیشیا کے موقف کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی عوام کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ کارروائی کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بہادر مسلح افواج ایران کی ارضی سالمیت اور قومی حاکمیت کا پوری طاقت کے ساتھ دفاع کریں گی۔ 

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

سید عباس عراقچی نے کہا کہ خلیج فارس علاقے کے ممالک کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی کوئی دشمنی نہیں ہے اور ان ممالک کے ساتھ دوستی اور اچھی ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے لیکن افسوس کہ ماہ رمضان میں علاقے کے مسلمان ممالک کی سرزمین کو امریکی جارحین ایک مسلم ملک کے خلاف وحشیانہ جارحیت اور مسلمانوں کے قتل عام کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

 

ٹیگس