فرزند رسول امام حسن عسکری (ع) کا یوم ولادت مبارک
آج آٹھ ربیع الثانی چودہ سینتیس ہجری قمری ہے۔ آج سے بارہ سو پانچ سال قبل آٹھ ربیع الثانی دو سو بتیس ہجری قمری کو فرزند رسول امام حسن عسکری علیہ السلام کی مدینہ منورہ میں ولادت با سعادت ہوئی۔
آپ کو بچپن میں ہی عباسی حکمرانوں کے دباؤ اور ظلم و جبر کی وجہ سے اپنے والد بزرگوار امام علی نقی علیہ السلام کے ساتھ عراق کے شہر سامرا ہجرت کرنا پڑی اور اس شہر میں تیرہ سال قیام کے دوران آپ نے اپنے والد بزرگوار سے کسب فیض کیا۔ آپ نے اپنے والد بزرگوار کی شہادت کے بعد پانچ سال سے زائد عرصے تک مسلمانوں کی ہدایت و امامت کی ذمہ داری سنبھالی۔ حضرت امام حسن عسکری کا دور عباسی حکمرانوں کی سیاسی و فوجی طاقت کے عروج کا دور تھا۔ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی عمر مبارک صرف اٹھائیس سال تھی جن میں سے کئی سال آپ نے جلاوطنی اور عباسی حکمرانوں کے قید خانے میں گزارے لیکن اس کے باوجود آپ نے اسلامی تعلیمات کو عام کرنے اور مسلمانوں کی ہدایت و رہنمائی کا کام بطریق احسن انجام دیا اور بہت سے مسلمان دانشوروں کی تربیت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کا ریڈیو اور ٹیلی ویژن کا ادارہ اس مبارک موقع پر اپنے تمام ناظرین، سامعین اور قارئین کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔