Jul ۳۱, ۲۰۱۹ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • کابل میں ایران افغانستان اقتصادی تعلقات کی توسیع پر تبادلہ خیال

ایران کے بجلی کے وزیر رضا اردکانیان نے اپنے دورہ کابل میں صدر محمد اشرف غنی، چیف ایگزکٹیو عبداللہ عبداللہ اور اسی طرح وزیر توانائی، وزیر خزانہ اور پانی کے وزیر سے بھی الگ الگ ملاقات میں دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات کی توسیع کے بارے میں گفتگو کی۔

ایران کے بجلی کے وزیر رضا اردکانیان اور افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی کے درمیان منگل کو ہونے والی ملاقات میں مختلف شعبوں منجملہ توانائی کے تبادلے، پانی اور اس سے متعلق ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری، ماحولیات، ریلوے لائن، چابہار بندرگاہ کے منصوبے میں افغانستان کی شرکت اور بینکنگ مسائل کے حل کے بارے میں تبالہ خیال ہوا۔

اس ملاقات میں فریقین نے اسی طرح سرحدوں کے دونوں طرف آباد لوگوں کے لئے دو طرفہ اور مساوی ضرورت کے پیش نظر پانی کی فراہمی میں تعاون  اور مفاہمت و سمجھوتے پر بھی تاکید کی۔

ایران کے بجلی کے وزیر رضا اردکانیان نے اپنے دورہ کابل میں صدر محمد اشرف غنی کے بعد افغانستان کے چیف ایگزکٹیو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔

 اس ملاقات میں پانی، معیشت اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کی توسیع کے مقصد سے مشترکہ کمیشن کی سرگرمیوں کو ماضی سے زیادہ تیز کئے جانے اور اسی طرح ایران کی چابہار بندرگاہ کی گنجائش سے فائدہ بھرپور اٹھائے جانے کے مسئلے پر غور کیا گیا۔

ایران کے بجلی کے وزیر رضا اردکانیان نے اسی طرح افغانستان کے وزیر توانائی محمد گل خلمی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فریقین نے پانی اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور بنیادی شعبوں اور اسی طرح ان شعبوں میں دو طرفہ اور بین الاقوامی سطح فائدہ اٹھائے جانے میں تعاون اور اس کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اس ملاقات میں ایران کے بجلی کے وزیر رضا اردکانیان نے بجلی اور کوڑا جلانے کی مشین بنانے میں ایران کے تجربات کی منتقلی کے بارے میں گفتگو کی اور فریقین نے اس سلسلے میں اتفاق رائے کیا۔

ایران کے بجلی کے وزیر رضا اردکانیان نے اپنے دورہ کابل میں افغانستان کی وزارت خزانہ کے سرپرست اور افغانستان و ایران کے مشترکہ کمیشن کے سربراہ محمد ہمایوں قیومی سے بھی ملاقات کی۔

اس ملاقات میں بھی فریقین نے مختلف اقتصادی، تجارتی، توانائی اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال اور ان تعلقات کو فروغ دینے کے اہم عمل کی حیثیت سے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے انعقاد سے اتفاق کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کے بجلی کے وزیر رضا اردکانیان نے مختلف افغان حکام سے ملاقات و گفتگو کے لئے افغانستان کے دورے پر منگل کے روز کابل پہنچے تھے۔

ٹیگس