پاکستان کے وزیر دفاع کی امریکہ پر کڑی نکتہ چینی
پاکستان کے وزیر دفاع نے اپنے پڑوسی ملک اسلامی جمہوریہ ایران سے آسان اور سستی توانائی حاصل کرنے کو پاکستان کا حق قرار دیا ۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نےاسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، ایران پاکستان مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھائے جانے کے بارے میں امریکی مخالفت پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اگر ایران سے گیس نہ لینے کو کہہ رہا ہے تو پھر اسے پاکستان کو، اس کا متبادل بھی بتانا چاہیے۔
پاکستان کے وزیر دفاع نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ان کے ملک کو عالمی مارکیٹ سے مہنگی قیمت پرگیس خریدنی پڑتی ہے، واشنگٹن سے کہا کہ وہ پاکستان کے معاشی مشکلات کو درک کرے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا پڑوسی ملک ایران ، آسان اور سستی توانائی فراہم کرنے کے قابل ہے تو اس موقع سے فائدہ اٹھانا پاکستان کا حق ہے۔
پاکستان کے وزیر دفاع نے اپنے ملک اور افغانستان کی عبوری حکومت کے درمیان تعلقات کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی کہا کہ اسلام آباد کو افغانستان کے ساتھ اپنی سرحدوں پر دہشت گردی کے بڑھنے سے بہت زیادہ تشویش لاحق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان فریق کا رویہ ہر روز مختلف شکل اختیار کرتا ہے، اور یہی مسئلہ اس بات کا باعث بنا ہے کہ پاکستان نے اپنے اس پڑوسی ملک کے ساتھ بات چیت اور باہمی روابط کے آپشنز کو محدود کر دیا ہے۔