Jul ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۶ Asia/Tehran
  • ہندوستانی فوج کی فائرنگ میں کشمیری نوجوان جاں بحق

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں سیکورٹی فورس کی مبینہ فائرنگ میں ایک کشمیری نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہندوستانی فوجیوں نے مذکورہ نوجوان کو ضلع بڈگام کے علاقے بیرواہ میں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا اور بعد ازاں دم توڑ گیا۔
کہا جا رہا ہے کہ ہندوستانی فوج کے اہلکاروں نے علاقے میں دھماکے بعد خوفزدہ ہو کر گولیاں چلائیں جس کی زد میں آکر مذکورہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
درایں اثنا نماز جمعہ کے فورا بعد کشمیر کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں نے سڑکوں پر مارچ کیا اور ہندوستان مخالف نعرے لگائے۔
خبروں کے مطابق ہندوستانی سیکورٹی فورس نے نیشنل ہائی وے پر مظاہرہ کرنے والے کشمیری نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے ساونڈ بموں اور آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا۔ تاحال کسی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

ہندوستانی سیکورٹی فورس نے مسلسل پانچویں ہفتے سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی اور مسجد کی جانب جانے والے تمام راستے بند کر دیئے۔
کشمیری رہنماؤں کی مشترکہ قیادت نے وادی میں جمعے کے روز ہڑتال اور مظاہروں کی اپیل کی تھی۔

ٹیگس