Apr ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۸:۱۱ Asia/Tehran
  • وادی کشمیر میں تیسرے روز بھی عام ہڑتال

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں منگل کو تیسرے روز بھی عام ہڑتال سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی جبکہ وادی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ سیکورٹی فورس کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف ضلع کنگن میں مظاہرے کے دوران مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے درمیان تصادم میں ایک نوجوان بری طرح زخمی ہوگیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ کر ہلاک ہوگیا - اس نوجوان کی موت کے بعد کنگن میں لوگوں نے اور زیادہ شدید مظاہرے کئے ۔ حکام نے اس علاقے میں دفعہ ایک سوچوالیس نافذ کردی اور سیکورٹی فورس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے - وادی کے دیگر قصبہ جات میں بھی سیکورٹی کا انتہائی سخت پہرہ ہے اور جنوبی کشمیر میں گذشتہ تین روز سے کرفیو جاری ہے - اس دوران سری نگر کے پائین شہر کے آٹھ تھانوں میں کرفیو جیسی ہی صورتحال پائی جارہی ہے -

دوسری جانب حریت رہنماؤں سید علی شاہ گیلانی اور میر واعظ عمرفاروق کو ان کےگھروں میں نظر بند اور یسین ملک سمیت ایک درجن کے قریب حریت رہنماؤں کو سری نگر کے سینٹرل جیل میں منتقل کردیا گیا - پولیس کا کہنا ہے کہ منگل کو ہوئے مظاہروں میں ایک درجن کے قریب لوگ زخمی ہوئے ہیں تاہم حالات کنٹرول میں ہیں -

ٹیگس