Apr ۱۸, ۲۰۱۸ ۰۹:۲۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں جمہوریت کو بچانے کی اپیل

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما یشونت سنہا نے اپنی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سے ملک میں جمہوریت کو بچانے اور اس کے لئے آواز اٹھانے کی اپیل کی ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما یشونت سنہا نے اپنی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کے نام لکھے گئے ایک کھلے خط میں کہا ہے کہ مودی حکومت نے اپنے میعاد کار کے تقریبا چار سال پورے کر لئے ہیں اور پانچ بار بجٹ بھی پیش کیا ہے لیکن اب تک ملک کے سامنے کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا ہےاورلگتا ہے کہ ہم نے اپنا راستہ ہی کھودیا ہے اور ملک کے رائے دہندگان کا اعتماد بھی ہم پر سے اٹھ گیا ہے۔

ہندوستان کے دارالحکومت سے شائع ہونے والے ایک انگریزی روزنامہ میں شائع ہوئے اس خط میں یشونت سنہا کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ان چار برسوں میں حکومت کو چھوٹی چھوٹی کامیابیاں ضرور ملی ہیں لیکن اس دوران اتنی بڑی ناکامیاں ہوئی ہیں کہ کامیابیاں بے معنی ہوکر رہ گئی ہیں۔ اس لئے آپ ملک کو بچانے اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے اٹھ کھڑے ہوں اور اپنے حوصلے کا ثبوت دیں۔

یشونت سنہا نے اس خط میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ملک کی معیشت بے حد خراب ہوگئی ہے۔ خواتین کے عدم  تحفظ کی صورت حال روز بروز بڑھتی جا رہی ہے اور خارجہ پالیسی، پارٹی کی داخلی جمہوریت اور ملک کے جمہوری ادارے کو مسلسل کمزور کیا جا رہا ہے اس لئے وقت کا تقاضہ ہے کہ پارٹی کے ایم پی ملک کے مفاد میں جمہوریت کو بچانے کے لئے آگے آئیں۔