May ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۸:۳۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے شہر بنارس میں پل گرنے کا حادثہ، متعدد ہلاک

ہندوستان کے شہر بنارس میں ایک زیرتعمیر پل ٹوٹ جانے سے متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق بنارس یا وارانسی میں کینٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب  زیرتعمیر پل کا ایک حصہ ٹوٹ کر گر جانے سے کم سے کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے-

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے حلقہ انتخاب بنارس کے جس علاقے میں یہ حادثہ رونما ہوا وہ بہت ہی پر ہجوم علاقہ ہے اور وہاں ہروقت ٹریفک اور لوگوں کی بھیڑ رہتی ہے- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا وہاں کافی بھیڑ تھی- متعدد گاڑیاں بھی پل کے نیچے دب گئیں-

حادثہ پیش آتے ہی لوگوں کی چیخ پکار سن کر آس پاس کے لوگ مدد کے لئے دوڑے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں- حادثے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے یہ پل، پچھلے پانچ سال سے تعمیر کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک بھی بہت ہوتا ہے- مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے-