Feb ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
  • سیاسی جماعتوں کو مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کا حکم

ہندوستانی سپریم کورٹ نے جمعرات کو اپنے ایک اہم فیصلے میں سبھی سیاسی جماعتوں کو مجرمانہ پس منظر رکھنے والے امیدواروں کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جسٹس آر ایف نریمن اور جسٹس ایس روندر بھٹ پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ یہ حکم توہین عدالت کے ایک کیس میں جاری کیا ہے۔ عدالت نے سیاسی پارٹیوں کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے امیدواروں کے جیتنے کی وجوہات بھی بتائی جائیں۔ ہندوستانی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اگر سیاسی جماعتیں اس ہدایت پر عمل نہ کریں تو الیکشن کمیشن کو اس بات کی اجازت دی جاتی ہے کہ وہ سیاسی پارٹیوں کے بارے میں یہ معلومات عدالت عظمی کو فراہم کرے۔ سیاست کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے عدالت نے سیاسی پارٹیوں کے لئے گائڈ لائن جاری کی ہے۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہندوستان میں گزشتہ چار عام انتخابات میں سیاست میں جرائم کا تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان کی عدالت عظمی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی سیاسی جماعت مجرمانہ پس منظر رکھنے والے کسی فرد کو ٹکٹ دیتی ہے تو اس کے جرائم کی تفصیلات پارٹی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر جاری کرنی ہوں گی اور یہ بھی بتانا ہوگا کہ اس کی جگہ کسی بے داغ فرد کو ٹکٹ کیوں نہیں دیا گیا۔ ہندوستانی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی حکم دیا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے انتخابی امیدواروں پر فوجداری مقدمات کی معلومات اخبارات، نیوز چینلوں، اور سوشل میڈیا پر بھی نامزدگی کلیئر ہونے کے اڑتالیس گھنٹے کے اندر شائع کریں۔