Feb ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاجی دھرنے اور مظاہرے جاری ، مظاہرین اور وزیرداخلہ کے درمیان ملاقات کا امکان

ہندوستان میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاجی دھرنے اور مظاہرے جاری ہیں اس درمیان اطلاعات ہیں کہ شاہین باغ کے مظاہرین وزیرداخلہ امت شاہ سے اتوار کو ملاقات کرسکتے ہیں۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ہندوستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے جاری ہیں - ہندوستان کے صنعتی اور اقتصادی مرکز ممبئی کے آزاد میدان میں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے سی اے اے اور این آرسی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا یہ دھرنا مہا مورچہ کے نام سے دیا گیا ہے ۔احتجاجی دھرنے میں شریک لوگوں نے ایک بار پھر مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ سی اے اے کو واپس لے - ادھر بنگلورو کے بلاول باغ میں بھی سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاجی دھرنا اور مظاہرہ جاری ہے جس میں مختلف مذاہب کے لوگ شریک ہیں۔ اس درمیان گذشتہ دومہینے سے دہلی کے شاہین باغ میں جاری دھرنے کے شرکا نے کہا ہے کہ وہ اتوار کو ایک ساتھ وزیرداخلہ امت شاہ کے گھر جائیں گے اور ان سے بات کریں گے - دو روز قبل امت شاہ نے کہا تھا کہ وہ سی اے اے کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں سے بات چیت کے لئے تیار ہیں ۔ شاہین باغ کے مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملاقات کے لئے کوئی وفد نہیں جائے گا بلکہ سبھی مظاہرین مارچ کی شکل میں امت شاہ کے گھرجائیں گے مظاہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ دھرنا کسی کی قیادت میں نہیں ہو رہا ہے اس لئے چند لوگوں کا وفد نہیں بھیجا جائےگا بلکہ سب ایک ساتھ جائیں گے- دوسری جانب دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ایک ساتھ مارچ کی شکل میں لوگوں کو وزیرداخلہ کے گھر کی جانب جانے کی اجازت نہیں دے گی - دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ اسے اس سلسلے میں کو‏ئی اطلاع بھی نہیں دی گئی ہے