ایران کے خلاف دھمکیوں کی شدید مذمت، ہر حملے کا فیصلہ کن جواب ہوگا ؛ دفاعی کونسل
اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی کونسل نے ملک کے خلاف دھمکیوں اور مداخلت پسندانہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہر جارحیت اور دشمنانہ اقدام کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا-
سحرنیوز/ایران : اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی کونسل کے سیکریٹریٹ نے دشمن کی حالیہ دھمکیوں اور مداخلت پسندانہ بیانات کے تعلق سے سخت انتباہ دیا ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی سلامتی، خود مختاری اور ارضی سالمیت ہماری نا قابل عبور ریڈ لائن ہے اور ہر جارحیت کا ٹھوس اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایران کی دفاعی کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارے دیرینہ دشمنوں نے بارہا صراحت کے ساتھ ایرانی بچوں اور خواتین کے قتل عام کی ذمہ داری قبول کی ہے اور وہ دھمکی نیز مداخلت پسندانہ بیانات کو دوہرا کر مسلمہ بین الاقوامی اصول وضوابط کی مسلسل خلاف ورزی کررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ملی وحدت اور ہمہ گیر انسدادی طاقت کے ذریعے اپنے دفاع کی مکمل آمادگی رکھتا ہے اور ایک بار پھر واضح کردینا چاہتا ہے کہ سلامتی، خودمختاری اور ارضی سالمیت ہماری نا قابل عبور ریڈ لائن ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملی مفادات پر ہر جارحیت اور اندرونی معاملات میں مداخلت نیز ملک کے ثبات و استحکام کے خلاف ہر اقدام کا سخت ترین جواب دیا جائے گا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
ایران کی قومی دفاعی کونسل نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران خود کو اقدام کے بعد ردعمل کا پابند نہیں سمجھتا اورخطرات کی عینی نشانیوں کو سیکورٹی کا معاملہ سمجھے گا۔
بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ دھمکیوں کی زبان اور مداخلت صرف لفظی موقف نہیں ہے بلکہ اس کو دشمنانہ اقدام سمجھا جاسکتا ہے جس کا ٹھوس اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور نتائج کی پوری ذمہ داری دھمکی دینے والوں اور مداخت کرنے والوں پر ہوگی ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے بھی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار اقدس پر ایک تقریب سے خطاب میں دشمنوں کو یاد دلایا ہے کہ بارہ روزہ مسلط کردہ جنگ میں ہماری افواج نے ایسی دلیری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا کہ غاصب صیہونی حکومت جنگ بندی کے لئے التماس کرنے لگی ۔
ایران کے اسپیکر نے وینزوئلا پر امریکا کی کھلی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جوئے باز ٹرمپ پوری بے شرمی کے ساتھ کہتا ہے کہ ہم وینزوئلا کا تیل اور معدنی ذخائر لےجانے کے لئے آئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے دشمن ایران کو مضبوط، متحد اور آزاد ومختار نہیں دیکھنا چاہتے ۔ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ جب ہمارے دشمن فوجی دباؤ میں ناکام ہوگئے تو ہماری پیداوار اور معیشت پر دباؤ شروع کیا لیکن جیسا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے کہا ہے جب تک ہمارے عوام میدان میں موجود ہیں دشمن ہمیں کسی بھی میدان میں شکست نہیں دے سکتے۔