Nov ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف پروپیگنڈوں کا دور ختم ہوچکا ہے، ترجمان وزارت خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ تہران کےخلاف پروپیگنڈوں اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کا دور اب ختم ہوگیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحرین میں تیل کی پائپ لائن میں دھماکے کے حادثے میں ایران کے ملوث ہونے کے بارے میں بحرینی حکام کے گھٹیا اور بے بنیاد دعوؤں اور بیانات کی مذمت کی ہے۔
بحرین کے وزیرخارجہ شیخ خالد بن احمد آل خلیفہ نے دعوی کیا ہے کہ بحرین کی تیل پائپ لائن میں ہوئے دھماکے کے واقعے میں ایران ملوث ہے۔
واضح رہے کہ بحرین میں جمعے کو تیل پائپ لائن میں زبردست دھماکہ ہوا تھا جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی تھی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہاکہ بحرینی حکام اپنے ہاں ہر طرح کے واقعات کے بعد صرف ایران پر ان کا الزام عائد کرنا جانتے ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ بحرینی حکام کو یہ جان لینا چاہئے کہ اس طرح کے بے بنیاد اور گھٹیا د‏عوؤں کا دور گذر چکا ہے اور اس قسم کے الزامات عائد کرنا بچکانہ حرکت ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران ہمیشہ ہمسایہ ملکوں میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے اور وہ اس اصول پر کاربند ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا کہا ہے کہ علاقے کے ملکوں کو چاہئے کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے، جن کے نتیجے میں پچھلے برسوں کے دوران بے شمار دولت خرچ کی ہے علاقے کے حقائق کو صحیح طریقے سے درک کریں اور اس سلسلے میں ہر طرح کی ہٹ دھرمی اور تعصب کو چھوڑ دیں۔

ٹیگس