غزہ پر وحشیانہ صیہونی جارحیت کے خلاف عالم اسلام سراپا احتجاج
غزہ کے عوام کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کی مذمت میں دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ یمن، اردن، لبنان اور بحرین کے عوام نے ایک بار پھر وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: موصولہ رپورٹوں کے مطابق مظاہرین نے ایک بار پھر مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور ان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی عام شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی۔ ان ملکوں میں ہونے والے ان عوامی مظاہروں کے شرکا نے فلسطینی پرچم بھی لہرائے اور غاصب صیہونی حکومت کے خلاف شدید نعرے لگائے۔
مظاہرین نے مسلمانان عالم اور دنیا کے تمام حریت پسندوں سے فلسطینیوں کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا۔ یہ مظاہرے دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ یمن، اردن، لبنان اور بحرین کے مختلف شہروں میں کئے گئے۔
واضح رہے کہ گذشتہ تقریبا پانچ مہینوں سے غزہ کے عوام کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک ایک لاکھ سے زائد فلسطینی شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔