Nov ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۶ Asia/Tehran
  • ایران، ترکی اور روس کا تعاون بحران شام کے حل میں معاون

ایران اور ترکی نے روس کے تعاون سے بحران شام کے سیاسی حل کا صحیح راستہ نکال لیا ہے۔

یہ بات ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے استنبول میں ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران، ترکی اور روس نے باہمی تعاون سے داعش پر کاری ضرب لگائی ہے حالانکہ امریکہ اس گروہ کی بھرپور حمایت کر رہا ہے۔
اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ اگر تہران اور انقرہ کے درمیان قریبی تعاون نہ ہوتا تو عراق کی ارضی سالمیت بھی خطرے میں پڑ جاتی۔ انہوں نے کہا کہ یمن اور لبنان کی صورت حال کے حوالے سے بھی خاصی تشویش پائی جاتی ہے کیوں کہ بعض ممالک غلط طریقے سے ان ملکوں میں حالات تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران اور ترکی کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ اور مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول پر بھی زور دیا۔
ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے اس موقع پر کہا کہ ترکی اور ایران کے درمیان قومی کرنسیوں میں تجارت کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور ایران، دوست اور ہمسایہ ملکوں کی حثیت سے باہمی تجارت اور تعلقات کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔