Feb ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۴:۱۱ Asia/Tehran
  • ولایت ستانوے فوجی مشقوں کا دوسرا دن

ولایت ستانوے بحری مشقوں کے دوسرے دن سمندری دفاع کے انواع و اقسام کے میزائل فائر اور تارپیڈو استعمال کئے گئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کی ولایت ستانوے مشقوں کے دوسرے دن، سمندری دفاع کے انواع و اقسام کے میزائل اور تارپیڈو استعمال کئے گئے اور فرضی دشمنوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا-

بحریہ کے جوانوں نے ہفتے کو ولایت ستانوے فوجی مشقوں کے دوسرے دن مختلف قسم کے تارپیڈو کا استعمال کر کے خشکی اور سمندر میں دشمنوں کے خطرات کا جواب دیا-

ان فوجی مشقوں کے دوران طارق آبدوز نے الیکٹریک تارپیڈو کو فائر کیا اور غدیر نامی آبدوز نے بھی والفجر تارپیڈو کو فائر کیا-

ولایت ستانوے فوجی مشقوں کے دوسرے دن ایس ایچ ہیلی کاپٹر نے ایک تارپیڈو فائر کر کے سمندر میں اپنے فرضی دشمن کے ٹھکانے کو تباہ کیا-

واضح رہے کہ تارپیڈو دھماکہ کرنے والا ایک ایسا ہتھیار ہے جو سمندر سے اور سمندر کے اندر فائر کیا جاتا ہے-

ولایت ستانوے فوجی مشقوں کے ترجمان ایڈمرل حمزہ علی کاویانی نے کہا کہ ان مشقوں کے دوسرے دن ایک ڈسٹرائر اور میزائل فائر کرنے والی بوٹ نے قادر اور قدیر نامی دو کروز میرائلوں کو پہلے سے طے شدہ اہداف کی جانب فائر کیا-

فوجی مشقوں کے ترجمان نے کہا کہ ساحل سے سمندر تک مار کرنے والے میزائل سسٹم نے بھی قادر میزائل فائر کر کے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا-

ان کا کہنا تھا کہ قادر میزائل دو سو پچاس کلو میٹر اور قدیر میزائل تین سو کلو میٹر کے فاصلے تک مار سکتے ہیں، جنھیں جنگی کشتیوں اور ساحلوں پر تیا ر کئے گئے لانچنگ پیڈ سے فائر کیا جا سکتا ہے-

ولایت ستانوے فوجی مشقیں جمعے کو خلیج فارس میں آبنائے ہرمز کے مشرق سے بحیرہ عمان تک کے بیس لاکھ مربع کلومیٹر کے علاقے میں شروع ہوئی ہیں جو اتوار کو بھی جاری رہیں گی-

ایرانی  فوج کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے نائب سربراہ ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے اس موقع پر کہا کہ ایران کے خلاف خطرات ہمیشہ پائے جاتے رہے ہیں اس لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی دفاعی توانائیوں اور صلاحیتوں کی ہروقت تقویت کئے جانے کی ضرورت ہے-

انہوں نے کہا کہ ان فوجی مشقوں کے دوران جتنے بھی اسلحے اور فوجی ساز و سامان استعمال کئے جا رہے ہیں وہ سب ایران کی دفاعی صنعت کے ماہرین کے ہی تیار کردہ ہیں-