Apr ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
  • امریکا اقتصادی دہشت گردی کررہا ہے، اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکا ایرانی عوام اور حکومت پر اقتصادی دباؤ ڈال کر اقتصادی دہشت گرد کا رول ادا کررہا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹرعلی لاریجانی نے، جو انٹرپارلیمنٹری یونین کے ایک سو چالیسویں اجلاس میں شرکت کے لئے قطر کے دورے پر ہیں، الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل سے اپنے انٹرویو میں کہا کہ امریکا نے ایک موقع پر اسلامی ملکوں میں بحران پیدا کرنے کے لئے دہشت گرد گروہ داعش کو تشکیل دیا تھا اور اب یہی امریکا علاقے کے بعض ملکوں پر دباؤ ڈال کر خود اقتصادی دہشت گردی کررہا ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی خودسرانہ اور ظالمانہ پابندیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک عظم ملک ہے جس کے پاس ماہرافرادی قوت اور بے شمار وسائل و ذرائع ہیں اس لئے وہ امریکا کے اس قسم کے اقدامات کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیک سکتا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ایران کی خارجہ پالیسی کے بارے میں بھی کہا کہ خارجہ پالیسی کے میدان میں اسلامی جمہوریہ ایران کا کہنا ہے کہ علاقے کے ملکوں کے تعلقات دوستانہ اور برادرانہ ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہاکہ ایران نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ہی اس موقف پر زور دیا ہے اور اس کے لئے کوشش کی ہے۔
انہوں نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے بارے میں بھی کہا کہ ایران نے ایٹمی معاملات میں کسی بھی ملک سے کسی مدد کی توقع نہیں کی ہے اور آج بھی ایٹمی معاملات میں ایران کی پوزیشن سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا۔

ٹیگس