May ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۵:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران کے عوام امریکہ کو شکست فاش دیں گے، صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی عوام مذاکرات اور منطق پر یقین رکھتے ہیں لیکن وہ دشمن کی دھونس اور دھمکیوں میں آنے والے نہیں ہیں

ہفتے کی شب تہران میں فن و ہنر کے شعبے سے وابستہ افراد کی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے عوام مذاکرات اور منطق پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر کوئی یہ دعوی کرے کہ وہ ایران کو مذاکرات کی میز پر کھینچ لائے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔صدر ایران نے کہا کہ اگر ساری دنیا کی بڑی طاقتیں بھی ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی ہوجائیں تب بھی ایرانی قوم اس قسم کے مذاکرات کے لیے کبھی تیار نہیں ہوگی۔ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ صیہونی حکومت اور تین چار ممالک کے سوا دنیا کا کوئی بھی ملک ایران کے خلاف امریکی دعوؤں کو قبول نہیں کرتا ہے۔صدر ایران نے  بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ ایران کے عوام دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے اور اسے ذلت آمیز شکست سے دوچار کردیں گے۔دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر، میجر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ امریکی طاقت رو بہ زوال ہے اور اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ  کی سیاسی پالیسیاں ہی اس کی شکست کی اہم وجہ ہیں۔جنرل حسین سلامی نے مزید کہا کہ ہم ایک لمحے کے لیے بھی دشمن کی نقل و حرکت سے غافل نہیں ہیں اور اس کی اسٹریٹیجی اور اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کی شب دعوی کیا تھا  کہ اسلامی جمہوریہ ایران بہت جلد امریکہ کے ساتھ مذاکرات پر مجبور ہوجائے گا۔خیالی پلاؤ پکانے میں ید طولا رکھنے والے امریکی صدر، اس سے پہلے بھی کئی بار یہ دعوی کر چکے ہیں کہ ایک وقت آئے گا جب ایرانی حکام نئے معاہدے کے لیے ان سے رابطہ کریں گے۔  ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے تانے بانے ایسے وقت میں بننا شروع کیے ہیں جب رہبر انقلاب اسلامی   آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منگل شام اعلی سول اور فوجی حکام کے ساتھ ملاقات میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو یکسر مسترد کر دیا۔آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے واضح طور پر فرمایا کہ ہر میدان میں دشمن کے مقابلے میں استقامت دکھانا ایرانی عوام کا حتمی انتخاب ہے اور اس محاذ آرائی میں امریکہ پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگا۔