ایران اپنے دفاع میں خود کفیل ہے، وزیرخارجہ ظریف
Aug ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۶:۴۹ Asia/Tehran
وزیرخارجہ ڈاکٹر محمدجواد ظریف نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکا کا جدید ترین ڈرون طیارہ اپنے ہی تیار کردہ سسٹم سے مارگرایا ہے اور اس سے یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ ایران اپنے دفاع کے لئے کسی سے وابستہ نہیں ہے۔
وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں مقیم ایرانیوں سے خطاب کے دوران سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ذریعے اربوں ڈالر مالیت کے امریکی اور مغربی ملکوں کے ہتھیاروں کی خریداری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ ایران کی سرزمین کا یا ایرانی سمندر کا ذرہ برابر حصہ بھی دوسروں کے اختیار میں چلا جائے۔ انہوں نے ایران کے بارے میں امریکا اور مغربی ملکوں کی دوہرے معیار کی پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک ایک طرف سے ایران پر اقتصادی تجارتی اور دفاعی شعبوں میں دباؤ ڈالنے کی کوشش اور پابندیاں عائد کرتے ہیں اور دوسری جانب مذاکرات کا دعوی کرتے ہیں اور ساتھ ہی پابندیاں عائد کرکے ایرانی عوام کے حقوق کو پامال کرتے ہیں۔ وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے امریکا کے ذریعے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں نے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی معاہدے سے نکلنے کا اعلان کیا اور پابندیاں عائد کرکے ایرانی عوام کے خلاف اقتصادی دہشت گردی کا ارتکاب کیا۔انہوں نے یورپ اور ایران کےدرمیان خصوصی مالیاتی سسٹم انسٹیکس کے قیام کے تعلق سے یورپی ملکوں کے دوغلے رویّے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ یورپی ملکوں کی کمپنیوں کو ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کرنے کے لئے امریکی وزارت خزانہ سے اجازت درکار ہوتی ہے جو آگے چل کر یورپی ملکوں کے لئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوگا۔