Dec ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۵:۲۰ Asia/Tehran
  • لبنان کے غیر فوجی انفراسٹرکچر پر حملے جنگی جرائم ہیں: ہیومین رائٹس واچ

ہیومین رائٹس واچ نے لبنان میں صیہونی حکومت کی جانب سے تعمیر نو کے ساز و سامان اور غیر فوجی انفراسٹرکچر پر حملوں کو "جنگی جرائم" قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ہیومین رائٹس واچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقے میں صیہونی حکومت کی جانب سے تعمیر نو کے ساز و سامان اور غیر فوجی انفراسٹرکچر پر حملے "جنگی جرائم" ہیں۔ ہیومین رائٹس واچ نے اپنے بیان میں زور دیا ہے کہ صیہونی حکومت کی فوج نے جنوبی لبنان کے سرحدی شہروں اور دیہاتوں کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کے بعد اب تباہ شدہ علاقوں کی تعمیر نو اور باشندوں کی واپسی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

بیان میں آیا ہے کہ ان حملوں میں 360 سے زائد بھاری مشینریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں بلڈوزر اور کھدائی کرنے والی مشینیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تارکول اور سیمنٹ بنانے والے ایک کارخانے کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔

ہیومین رائٹس واچ کے مطابق، جن مقامات کو صیہونی حکومت کی فوج نے نشانہ بنایا ہے، وہاں کسی بھی قسم کے فوجی اہداف کے کوئی آثار نہیں ملے ہیں۔ اس کے علاوہ، نشانہ بنائے گئے ساز و سامان کو حزب اللہ لبنان کی جانب سے فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا بھی کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

یاد رہے کہ صیہونی حکومت نے یکم اکتوبر 2024 کو لبنان پر اپنی جارحیت شروع کی اور 27 نومبر کو امریکہ کی ثالثی میں جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق، صیہونی حکومت کے فوجیوں کو 60 دن کے اندر جنوبی لبنان سے نکل جانا تھا لیکن اس حکومت نے بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے فوجیوں کو اس علاقے میں پانچ اسٹریٹجک مقامات پر بدستور تعینات کر رکھا ہے۔

غاصب صیہونی حکومت جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد سے اب تک ہزاروں بار اس کی خلاف ورزی کر چکی ہے اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گزشتہ گھنٹوں کے دوران صیہونی دہشت گردوں نے جنوبی لبنان میں ایک موٹرسائیکل اور ایک کار کو بمبار ڈرون سے نشانہ بنا کر تین لبنانی شہریوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا۔

قابل ذکر ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اب تک صیہونی ٹولہ لبنان میں تقریبا ساڑھے تین سو لبنانیوں کو شہید اور ایک ہزار کو زخمی کر چکا ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس