Sep ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran
  • ایران کی مسلح افواج کے سربراہ کا دورہ چین

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے ایران اور چین کے درمیان دیرینہ دفاعی تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی و اقتصادی تعلقات کی مانند دفاعی تعاون میں بھی فروغ پیدا ہو رہا ہے۔

 ایران کی مسلح افواج کے سربراہ  جنرل محمد باقری نے کہ جو بیجنگ کے دورے پر ہیں بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چین کو ایک اہم ملک قرار دیا اور کہا کہ ایران کے لئے چین کے ساتھ مختلف میدانوں میں تعاون و تعلقات کافی اہمیت کے حامل ہیں۔ جنرل باقری نے کہا کہ ایران اور چین کے تعلقات دوہزار سولہ سے اسٹریٹیجک سطح پر فروغ پا رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کا جامع پروگرام ترتیب دے کر فریقین کے حوالے کیا جا چکا ہے- ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے اپنے دورہ چین کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے میں چینی حکام سے اسٹریٹیجک مسائل اور تکنیکی و فوجی امور سمیت مشرقی وجنوب مغربی ایشیا کے علاقوں نیز دنیا کے حالات پر تبادلہ خیال کیا جائےگا-  جنرل باقری نے ایران اور چین کے مشترکہ تکنیکی ، صنعتی اور فوجی کمیشن کی سرگرمیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے میں دونوں ملکوں کے مشترکہ فوجی کمیشن کا اجلاس بھی منعقد ہوگا- اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری بدھ کو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ چین کےدورے پر بیجنگ پہنچے-