Sep ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران کے جدید دفاعی ساز و سامان کی تقریب رونمائی

ہفتہ دفاع مقدس کے پہلے روز ایران کے تازہ ترین دفاعی ساز وسامان کی رونمائی کی گئی

اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کے حرم کے قریب مسلح افواج کی پریڈ کے دوران جو ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے انجام پائی حائل نامی ایرانی توپخانے کے سسٹم کی رونمائی کی گئی ۔ حائل نامی جدید ایرانی توپخانےکا یہ سسٹم کسی بھی طرح کی شعاعوں اور لہروں کے پھیلاؤ کے بغیر اہدف کی شناخت کرتا ہے اور مدمقابل کی نگاہوں میں آئے بغیر اپنی کارروائیاں انجام دے سکتا ہے - مسلح افواج کی پریڈ کے دوران کمان بارہ نامی ڈرون طیاروں کی نئی سیریز کی بھی رونمائی کی گئی جو ایرانی فضائیہ نے تیار کی ہے - کمان بارہ ڈرون طیارہ ایک ہزار کلومیٹر دوری  کے فاصلے تک پرواز اور ایک سو کلوگرام وزن لوڈ کرنے کے ساتھ ساتھ فی گھنٹہ ایک سو ساٹھ کلومیٹر کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے جبکہ اس ڈرون طیارے کی زیادہ سے زیادہ رفتار دوسو کلومیٹر فی گھنٹہ ہے ۔ ایران کی مسلح افواج کے ہاتھوں تیار کئے گئے گائیڈڈ بم قاصد کی بھی اس تقریب کے دوران رونمائی کی گئی - قاصد بم ایران کی فوج کا اہم ترین اور دشمن کے ٹھکانوں کو پوری طرح سے تباہ کردینے والا جدید ترین گائیڈڈ بم ہے اور صحیح نشانے پر لگتا ہے - اس کے علاوہ عصر چھہتر نامی میزائل ، عاصف نامی میزائل ، دوہزار پونڈ کا قادر گائیڈڈ بم اور ابابیل ڈرون طیارے جیسے دیگر فوجی اور دفاعی ساز و سامان اور آلات بھی ہیں جس کی آج نمائش کی گئی - اتوار کو ہفتہ دفاع مقدس کی تقریبات پورے ملک میں بیک وقت انجام پائیں ۔ پورے ملک میں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور پریڈ میں حصہ لیا - تہران میں ہفتہ دفاع کی مرکزی تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور مسلح افواج کے اعلی کمانڈ اور ایران میں متعین دیگر ملکوں کے فوجی اتاشیوں نے بھی شرکت کی - ان تقریبات میں شہدا کے اہل خانہ بھی موجود تھے - عراق کی بعثی ڈکٹیر صدام کی جارح فوج نے بائیس ستمبر انیس سو اسّی کو اپنے اس زعم ناقص میں کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر تہران پر قبضہ کرلےگی ، ایران پر ہوائی اور زمینی حملہ کردیا لیکن ایران کے جانبازوں نے پوری دلیری  کے ساتھ معدوم صدام کی فوج کا جسے امریکا سابق سویت یونین مغربی ملکوں اور علاقے کی عرب رجعت پسند حکومتوں کی بھی مالی اور اسلحہ جاتی حمایت حاصل تھی مقابلہ کیا اور دشمن کو ذلت آمیز شکست دو چار کیا -