Nov ۱۸, ۲۰۲۵ ۱۳:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے نو منتخب وزیرِ اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے حلف اٹھالیا

مظفرآباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے نو منتخب وزیرِ اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق حلف برداری کی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد کی گئی اور کشمیر اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے حلف لیا۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود اپنی صحت کے مسائل کی وجہ سے دارالحکومت کا سفر نہیں کر سکے لہٰذا اسپیکر نے ان کی طرف سے یہ ذمہ داری ادا کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے راجہ فیصل ممتاز راٹھور پیر کے روز نئے وزیرِ اعظم منتخب ہوئے تھے، جب چوہدری انوار الحق کو کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

اس سے پہلے آج وفاقی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ خطے کی ترقی و خوش حالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کشمیر کی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے نئے وزیرِ اعظم کے دور کے لیے نیک تمنائیں بھی پیش کیں۔

گزشتہ روز 47 سالہ راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے انتخاب کے بعد کئی انتظامی اقدامات کا اعلان کیا، جن میں عملے میں کمی، افسران کے لیے نئی ٹرانسپورٹ پالیسی اور سیکریٹریوں کی تعداد کو 20 تک محدود کرنا شامل ہے۔ انہوں نے عوامی مسائل کو حل کرنے اور کم تنخواہ والے عملے کی ضروریات پوری کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

 

ٹیگس