Nov ۱۸, ۲۰۲۵ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کشمیر کے ہر مسلمان کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے، عمر عبداللہ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر خاص طور پر کشمیر کے ہر مسلمان کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے کہا کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں ہوئے حادثاتی دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس دھماکے کی وجہ سے جو مکانوں کو نقصان ہوا ہے ان کا بھی معاوضہ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا’میں نے وزرائے اعلیٰ کانفرنس میں بھی یہ بات کہی کہ جموں و کشمیر خاص طور پر کشمیر کے ہر مسلمان کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے، جو دہلی دھماکے کے قصور وار ہیں ان کو سخت سزا دی جائے لیکن  بے گناہوں کو اس دائرے میں نہ لایا جائے۔

ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار منگل کو نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔

نوگام دھماکے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کی تحقیقات جاری ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ اس حادثے میں کئی لوگ جاں بحق ہوئے ہیں جن میں پولیس، ایف ایس ایل کے اہلکار، سول انتظامیہ کے اہلکار اور ایک درزی بھی شامل ہے، یہ حادثہ کیوں ہوا، کیسے ہوا تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا ’ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا، اتنی مقدار میں یہ مواد یہاں لایا گیا، کن حالات میں لایا گیا، کن حالات میں اس کو رکھا گیا، کن حالات میں اس سے نمٹا گیا، آہستہ آہستہ ان تمام سوالوں کے جواب مل جائیں گے۔

 

ٹیگس