Nov ۱۸, ۲۰۲۵ ۱۴:۲۹ Asia/Tehran
  • جنوبی افریقہ کے لئے مشکوک اسرائیلی پروازیں، ایک پُراسرار تنظیم ملوث

اطلاعات کے مطابق جنوبی افریقہ نے غزہ سے فلسطینیوں کو لانے والی پروازوں کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کا صفایا کرنے کا ایک واضح ایجنڈا ہے۔

 سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق جنوبی افریقہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے ایک طیارے کے ذریعے 153 فلسطینیوں کی اچانک آمد اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کا صفایا کرنے کا ایک واضح ایجنڈا موجود ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یہ گروپ جمعرات کو ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے جوہانسبرگ پہنچا، جبکہ ان کے پاسپورٹوں پر اسرائیل کی مہریں موجود نہیں تھیں۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ایک پُراسرار تنظیم "المجد" غزہ سے فلسطینیوں کی روانگی میں ملوث تھی۔

جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ رونالڈ لامولا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنوبی افریقہ کی حکومت کے طور پر اس طیارے کی آمد کے حالات پر شکوک رکھتے ہیں۔

جنوبی افریقی بارڈر پولیس نے اس گروپ کو 12 گھنٹے تک طیارے ہی میں رکھا، جس کے بعد صدر سیرل رامافوسا نے انہیں 90 روزہ ویزا استثنیٰ کے تحت ملک میں داخلے کی اجازت دی۔

بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ ایک طیارہ 28 اکتوبر کو بھی 176 فلسطینیوں کو لے کر جنوبی افریقہ پہنچا تھا۔

رونالڈ لامولا کا کہنا تھا کہ ہم مزید پروازیں نہیں چاہتے، کیونکہ یہ، غزہ اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کا صفایا کرنے کے ایک واضح ایجنڈے کی نشاندہی کرتا ہے، جس کی جنوبی افریقہ مخالفت کرتا ہے۔

ادھر ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) ’گفٹ آف دی گیورز‘ کے مطابق فلسطینیوں نے بتایا کہ انہوں نے غزہ سے نکلنے کے لئےالمجد نامی گروپ کو فی کس تقریباً 2 ہزار ڈالر ادا کئےتھے اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ جنوبی افریقہ جا رہے ہیں۔

دوسرا طیارہ، جس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے، اسرائیل کے رامون ایئرپورٹ سے نیروبی گیا اور پھر وہاں سے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے جوہانسبرگ پہنچا۔ ان میں سے کچھ افراد نے این جی او کو بتایا کہ وہ پناہ کی درخواست دینا چاہتے ہیں۔

اسرائیلی حکام نے ہفتے کو بتایا تھا کہ 153 فلسطینیوں کو غزہ سے روانگی کی اجازت اس لئے دی گئی کہ انہیں ایک تیسرے ملک کی جانب سے قبول کئےجانے کی منظوری ملی تھی تاہم اس ملک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

 

ٹیگس