Jan ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام امریکا کی سازشوں کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں، صد روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایرانی عوام امریکا کی سازشوں اور پابندیوں کے مقابلے میں پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور طاقتور ہوگئے ہیں

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے سینٹرل بینک کے جنرل اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ امریکا نے ایران کے خلاف غلط اور احمقانہ منصوبہ بندی کی ہے اور امریکی پابندیوں کے مقابلے میں ایرانی عوام پہلے سے بھی زیادہ طاقتور ہو چکے ہیں - صدر روحانی نے کہا کہ دہشت گرد امریکیوں کے ہاتھوں جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت سے پورا مغربی ایشیا کا خطہ متاثر ہوا ہے انہوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کا غم ہندوستان اور پاکستان سے لے کر افریقا، یورپ، امریکا، آسٹریلیا اور ایشیا کے بیشتر ملکوں میں منایا جا رہا ہے - صدر حسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ امریکا کی فوجی چھاؤنی پر میزائلی حملہ کرنے کی جرائت بہت کم ملکوں میں ہوگی کہا کہ ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد عراق میں دہشت گرد امریکی فوج کی چھاؤنی پر حملہ کیا اور ٹرمپ ایران کو دھمکیاں دینے سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوا - ان کا کہنا تھا کہ مغربی ایشیا میں امریکا کی غلط منصوبہ بندی آج سب پر واضح ہوگئی ہے جبکہ ایرانی عوام، امریکا اور اس کے علاقائی اتحادیوں کی سازشوں کے مقابلے میں پوری قوت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ لوگ بھی جو پہلے ٹرمپ پر بھروسہ کرتے تھے یہ اعتراف کررہے ہیں کہ ٹرمپ نے پوری دنیا اور خود امریکا کے لئے ایک بڑی مشکل کھڑی کردی ہے -