ایران کی جانب سے اسرائیلی دھمکیوں کا کرارا جواب
Feb ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۵:۱۱ Asia/Tehran
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ شام اور اس خطے میں ایرانی مفادات پر صیہونی حکومت کی ہر جارحیت اور احمقانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
صیہونی حکومت کے ایک عہدیدار کی جانب سے ایران مخالف دعووں اور دھمکیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی اساس ہی سرزمین فلسطین اور اس کے پڑوسی ممالک پر ناجائز قبضے، جارحیت اور لوٹ مار پر استوار ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شامی حکومت کی دعوت پر انجام پانے والے ایک سمجھوتے کے تحت اس ملک میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سمجھوتے کا مقصد امریکہ اور اسرائیل کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ سید عباس موسوی کا کہنا تھا کہ ایران شام میں اپنی موجودگی اور خطے میں اپنے مفادات کے خلاف حملوں کا جواب دینے میں ذرہ برابر دیر نہیں کرے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ تہران، صیہونی حکومت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں اور جنگ پسندانہ بیانات کے معاملے کو عالمی اداروں میں لے جائے گا۔
قابل ذکر ہےکہ صیہونی حکومت کے وزیر جنگ نفتالی بینٹ نے ایران کے خلاف من گھڑت دعووں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل ایران کو شام سے باہر نکلنے پر مجبور کرنے کی غرض سے تہران کو کمزور کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے۔