Feb ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۴:۲۲ Asia/Tehran
  • ایرانی دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے، صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ تہران شمال ایکسپرس وے کی تعمیر پر پابندیوں کا ذرہ برابر بھی اثر نہیں ہوا

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو تہران اور شمال ایکسپرس وے کے پہلے فیز کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ اس نئی ایکسپرس وے سے تہران اور ایران کے شمالی علاقے کے مسافروں کے ڈھائی گھنٹے بچ جائیں گے اور ایندھن میں بھی کافی بچت ہوگی ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے رواں ایرانی سال میں قدرتی آفات منجملہ سیلاب اور زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حادثات کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے تمام مشکلات کے باوجود ہر جگہ پوری بہادری کے ساتھ میدان میں آئے ہیں اور امریکا کی ظالمانہ پابندیوں اور مشکلات کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے ۔صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی عوام دشمن کے مقابلے میں کبھی بھی التماس نہیں کریں گے اور ظالمانہ پابندیوں سے ہونے والی مشکلات کو تحمل کرنے کے بعد بھی وہ دشمن کو گھنٹے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے - صدر روحانی نے ایران کے بعض شہروں میں کورونا وائرس کے پھیلنے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس وائرس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ حکومتی عہدیداروں کے ساتھ تعاون کرکے اس وائرس سے پیدا ہونے والی مشکلات پر غلبہ پانے کی ضرورت ہے ۔