سعودی عرب کے ملک خالد ایئر پر یمن کا ڈرون حملہ
Jul ۲۰, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۹ Asia/Tehran
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوبی سعودی عرب کے ملک خالد ایئربیس کو ایک بار پھر ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے بتایا ہے کہ ڈرون کے ذریعے ملک خالد ایئر بیس کے ریڈاروں اور دوسری اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حملہ یمن میں عام شہریوں کے خلاف سعودی اتحاد کی بمباری کے جواب میں کیا گیا ہے اور آئندہ بھی ایسے حملے جاری رہیں گے۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے گزشتہ ہفتے پیر کے روز بھی سعودی عرب کے ملک خالد ایئر بیس کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت صنعا میں وزارت اطلاعات کی عمارت، بکتر بند ڈویژن کے ہیڈکوارٹر اور دیگر علاقوں پر پے در پے بمباری کی ہے۔