Sep ۲۰, ۲۰۱۹ ۰۹:۳۲ Asia/Tehran
  • افغانستان: امریکی فضائیہ کے حملے میں 70 شہری جاں بحق وزخمی

افغانستان کے مشرقی علاقے میں افغان سیکیورٹی فورسز کی جانب سے امریکی فضائیہ کے تعاون سے کیے گئے فضائی حملے کے نتیجے میں 30 شہری جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔

سرکاری حکام نے غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ گزشتہ رات ہونے والے حملے میں ننگرہار صوبے کے ضلع خوگیانی کے علاقے وزیر تانگی کے کسان  نشانہ بنے۔ جبکہ مشرقی ننگرہار کے صوبائی کونسل کے رکن سہراب قادری کا کہنا ہےکہ ڈرون حملے میں چلغوزے کے باغ میں کام کرنے والے 30 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔

کابل میں وزارت دفاع نے افغان اور امریکی فورسز کی جانب سے کیے گئے اس حملے کی تصدیق کی ۔

ننگرہار صوبے کے صوبائی گورنر نے بھی فضائی حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ حکومت سانحے کی تحقیقات کر رہی ہے، اب تک جائے وقوع سے 9 لاشیں نکالی گئی ہیں۔

کابل میں موجود امریکی فورسز معاملے پر رائے دینے کے لیے فوری طور پر دستیاب نہیں ہوسکیں۔

وزیر تانگی میں قبائلی سربراہ ملک راحت گل کا کہنا تھا کہ فضائی حملہ ایسے وقت میں ہوا جب باغ میں کام کرنے والے مزدور تھک کر ایک جگہ بیٹھے آرام کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں نے لکڑی جلا رکھی تھی اور ایک ساتھ بیٹھے تھے کہ ڈرون حملہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 4 ہزار شہری مارے جا چکے یا زخمی ہوئے ہیں، اس تعداد میں حکومتی اور امریکی افواج کی کارروائیوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

ٹیگس