Aug ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • شریف خاندان کی ایک بار پھر نیب میں عدم حاضری

پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف اوران کے گھر کا کوئی بھی فرد اتوار کو بھی نیب میں پیش نہیں ہوا۔

پاکستان کے قومی احتساب بیورو نیب نے شریف خاندان کے لندن میں قائم ایون فیلڈ فلیٹس کی انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بیٹوں اور بیٹی اور داماد کو اتوار کو بھی طلب کیا تھا تاہم اتوار کو بھی شریف خاندان کا کوئی بھی فرد نیب میں پیش نہیں ہوا۔
اس سے پہلے جمعے کو بھی شریف خاندان کا کوئی بھی شخص نیب میں پیش نہیں ہواتھا۔جمعے کو العزیزیہ اسٹیل مل کے سلسلے میں شریف خاندان کو نیب میں پیش ہونا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے عدالت کی جانب سے نااہل قراردیئے جانے کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیلیں دائر کر رکھی ہیں اور جب تک ان اپیلوں پر فیصلے نہیں آجاتے شریف خاندان کا کوئی بھی شخص نیب کے سامنے پیش نہیں ہوگا۔
اتوار کو بھی نیب میں شریف خاندان کے کسی فرد کے پیش نہ ہونے کے بعد نیب نے کہا ہے کہ نوازشریف خاندان کو اب مزید نوٹس جاری نہیں کئے جائیں گے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ ریفرنس داخل کرنے کے لئے گرفتاری ضروی نہیں ہے۔