Feb ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۴:۵۴ Asia/Tehran
  • امریکہ کی جانب سے حافظ سعید کے خلاف عدالتی حکم کا خیر مقدم

امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان میں کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کی گرفتاری اور مجرم قرار دینے کو پاکستان کی جانب سے ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کو مجرم قرار دینا ، پاکستان کی جانب سے وعدے پورے کرنے میں ایک اہم پیشرفت ہے۔ قابل ذکر ہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بدھ کو حافظ سعید اور ان کے ایک ساتھی کو مجموعی طور پر گیارہ برس قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے اسی کے ساتھ دونوں کو ہی مبینہ دہشت گرد تنظیم کا حصہ ہونے اور غیر قانونی جائیداد رکھنے کے مقدمات میں بھی فی کس پانچ سے چھے ماہ کی سزا سنائی ہے۔ حافظ سعید کے وکیل محمد عمران گل ایڈوکیٹ نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کو ایف اے ٹی ایف کے دباؤ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کے موکلین کو کالعدم تنظیم سے تعلق اور غیر قانونی جائیداد رکھنے کے جرم میں گیارہ برس قید کی سزا سنائی گئی ہے لیکن عدالت نے واضح کردیا ہے کہ حافظ سعید اور ان کے ساتھی کے خلاف کسی قسم کی دہشت گردی کی معاونت اور غیر قانونی فنڈنگ کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا ہے۔