May ۲۲, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۵ Asia/Tehran
  • پاکستان، طیارہ حادثے کا شکار، 60 جاں بحق، ایران کا اظہار افسوس

اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان میں طیارے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ سید عباس موسوی نے پاکستان میں مسافر طیارے کے حادثے کا شکار ہونے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور متاثرین کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سخت مرحلے میں ہم پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز "پی آئی اے" کا لاہور سے کراچی جانے والا مسافر طیارہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 60 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔

پاکستانی میڈیا نے بتایا ہے کہ واقعہ ماڈل کالونی کے علاقے جناح گارڈن میں پیش آیا، جہاں طیارہ رہائشی مکانات پر جاگرا جس میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی۔

طیارہ لاہور سے 91 مسافروں اور عملے کے 8 افراد کو لے کر کراچی جا رہا تھا۔

طیارے میں نجی ٹی وی چینل 24 نیوز کے ڈائریکٹر پروگرامنگ انصار نقوی اور بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود بھی موجود تھے۔

طیارہ حادثے پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، مسلح افواج کے سربراہان، چیف جسٹس، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔

ٹیگس