Mar ۱۶, ۲۰۱۷ ۲۲:۲۹ Asia/Tehran
  • عید نوروز، قدرتی نظاروں کا خوبصورت اور خوشگوار دن

تحریر : حسین اختر رضوی

نوروز ایرانیوں کی قدیمی عید ہے جسے وہ بڑے ہی جوش وخروش کے ساتھ مناتے ہیں

عید نوروز فروردین ماہ کی پہلی تاریخ اور موسم بہار کا پہلا اور خوشگوار دن ہے ۔ بہار کا موسم انسانی، حیوانی اور نباتی صحت کے لئے انتہائی فائدہ مند ہوتا ہے ۔ نئی کونپلیں اور شگوفے موسم بہار کی نوید سنا رہے ہیں اس موسم میں پیڑ پودے اپنا لباس دلکشی سے تبدیل کرتے ہیں اور دیکھنے والوں پر مسرت و سحر انگیزی کے نقوش چھوڑ جاتے ہیں ۔ حیرت انگیز تبدیلیوں پر مبنی اس موسم  میں پوری کائنات زندہ ہوجاتی ہے اور پتھر کا دل بھی موم ہو جاتا ہے اور اس  سے تبدیلی کے چشمے پھوٹتے ہیں تازہ اور نئی کونپلوں  سے آب حیات کے قطرے ٹپکتے ہیں، موسم بہار قدرتی نظاروں کا خوبصورت اور خوشگوار دن ہے، موسم بہار کے آتے ہی سرد اور منجمد زمین دوبارہ زندہ ہوجاتی ہے ۔ عید نوروز صرف ایران تک محدود نہیں ہے بلکہ جہاں جہاں فارسی زبان بولی جاتی ہے وہاں بھی اس کے اثرات پائے جاتے ہیں جیسے تاجیکستان، افغانستان، جمہوریہ آذر بائیجان، ہندوستان اور پاکستان کے بعض علاقوں کے لوگ بھی اس دن کو جشن اور تہوار کے طور پر  مناتے ہیں ۔

موسم بہار کے آتے ہی تمام چیزوں میں تبدیلی آجاتی ہے موسم بہار، جہاں موسم خزاں اور موسم سرما کی سختیوں کے خاتمےاور موسم گرما کی آمد کی یاد دہانی کراتا  ہے  وہیں خدا پرست انسان کو موسم بہار میں آنے والی تبدیلیوں سے عبرت حاصل کرکے  باطنی طور پر اپنے اندر تبدیلی لانے کی طرف  بھی متوجہ کر دیتا ہے ۔

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای ہر نئے سال کے آغاز  پر باطنی تبدیلیوں کی ضرورت پر تاکید کرتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ ہر نئے شمسی سال کا عالم طبیعت و فطرت میں تبدیلی کے ساتھ آغاز ہوتا ہے ایک بہترین موقع ہے کہ انسان باطنی طورپر اپنے اندر تبدیلی پیدا کرے نیز روحانی، معنوی فکری اور مادی امور کی اصلاح کرے ۔ سال کے آغاز پر جو دعا پڑھی جاتی ہے اس میں انسان کو ان ہی تبدیلیوں کی طرف متوجہ کرایا  گیا ہے ۔ اس میں ہم خدا سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمارے روحانی اور نفسانی حالات میں تبدیلی لائے اور ہمارے حالات کو بہترین حالات میں تبدیل کر دے ۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم یا مقلب القلوب والابصار یا مدبر اللیل والنہار یا محول الحول والاحوال حول حالنا الی احسن الحال ۔ اے دلوں اور آنکھوں کو منقلب کرنے والے، اے شب و روز کے مدبر، اے حالات کو بدلنے والے ہمارے  حالات کو اچھے اور بہتر حالات میں تبدیل کر۔

 

 

ٹیگس